اسلام آباد( کرائم رپورٹر)ایس ایس پی سکیورٹی محمد سرفراز ورک نے ایف سی کے افسران سرتاج حسین اور واجد علی کو تفویض کردہ فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سر انجام دینے پر شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکیورٹی محمد سرفراز ورک نے بہترین کارکردگی اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دینے پر ایف سی کے افسران سرتاج حسین اور واجد علی کو اپنے دفتر مدعو کیااوران سے ملاقات کی،ایس ایس پی محمد سرفراز ورک نے افسران کی فرائض میں اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور انعام سے نوازا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام افسران اسی جذبے کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں،ہمارا اولین فرض اور ہمارے اس حلف کا ہم سے تقاضا بھی یہی ہے.
جو ہم نے یہ وردی زیب تن کرتے ہوئے اٹھایا تھا ،انہیں نے تمام افسران کو مستعدی ،فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کی اچھی کارکردگی کو سراہا جائے گا جبکہ ناقص اور غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگ اسلام آباد پولیس کے افسران کے شانہ بشانہ اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں جوکہ قابل تعریف ہے، آپ کو کسی بھی قسم کا مسئلہ یا پریشانی درپیش ہوتو میرے دفتر کے دروازے آپ کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں.