راولپندی ( کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن “محفوظ پنجاب” اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی قیادت میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سال 2025 کے پہلے چھ ماہ میں شہری و دیہی سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں, جنوری 2025 سے جون 2025 کے دوران مہلک حادثات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ، گزشتہ سال کے مقابلے میں سٹی ٹریفک پولیس کی مربوط حکمتِ عملی، بروقت اقدامات اور روڈ سیفٹی مہمات کی بدولت حادثات میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے اس دوران مختلف حلقہ جات میں تربیتی سیشنز، عوامی آگاہی مہمات، اور ہیوی و کمرشل وہیکلز کے لیے خصوصی ورکشاپس / بریفنگز کا انعقاد کیا ، ان اقدامات کا براہِ راست نتیجہ یہ نکلا کہ جنوری 2025 سے جون 2025 تک حادثات کی تعداد مسلسل ایک متوازن سطح پر برقرار رہی، جو کہ ضابطہ اخلاق اور قانون پر عملدرآمد کی ایک واضح علامت ہے.
جنوری سے جون 2025 تک سٹی ٹریفک پولیس کی حدود میں 66 مہلک حادثات رونماہوۓ جبکہ سال 2024 کے پہلے چھ ماہ میں 82 مہلک حادثات رونما ہوۓ تھے جن میں 93 قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا تھا ،سال 2025 میں اب تک ہونے والے 66 مہلک حادثات میں 71 لوگ لقمہ اجل بنے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں واضح کمی کو ظاہر کرتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے سپیڈ کیمرے، چالاننگ سسٹم، اور نفری میں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف سڑکیں محفوظ بنیں بلکہ ٹریفک کی مجموعی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ایک محفوظ اور مہذب پنجاب کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے ، روڈ سیفٹی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور ٹریفک پولیس اپنے حصے کا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور ان کوششوں میں ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ راولپنڈی کو ایک محفوظ، منظم اور حادثات سے پاک شہر بنایا جا سکے۔