ڈی جی ایف آئی اے ، رفعت مختار راجہ کا انفارمیشن سروسز اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ، رفعت مختار راجہ نے انفارمیشن سروسز اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی عمرانہ وزیر نے ڈی جی ایف آئی کا پرتپاک استقبال کیا ، دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے نے 38ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے انفارمیشن گروپ کے افسران سے خطاب کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کے تنظیمی ڈھانچے، افعال اور مختلف شعبہ جات کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ادارے کی موجودہ ترجیحات، چیلنجز اور اصلاحاتی اقدامات سے افسران کو آگاہ کیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کے شکایتی نظام / کمپلینٹ مینجمنٹ یونٹ کے کام کے طریقہ کار پر افسران کے ساتھ مفصل تبادلہ خیال کیا ڈی جی ایف آئی اے ، رفعت مختار راجہ نے کہا کہ ایف آئی اے نے عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ یونٹ کے نام سے ایک جامع اور جدید نظام وضع کیا ہےشہری انسانی اسمگلنگ، جعلی ویزوں، حوالہ ہنڈی اور دیگر جرائم کی شکایات ایف آئی اے کے آن لائن پورٹل یا قریبی دفاتر کے ذریعے درج کر سکتے ہیں ڈی جی ایف آئی اے نے شہریوں کو انسانی اسمگلنگ، مالیاتی فراڈ اور جعلسازی جیسے جرائم سے بچانے کے لیے میڈیا اور آگاہی مہمات کے مؤثر کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ قانونی معاونت کہاں سے اور کیسے حاصل کی جا سکتی ہے ، دورے کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈی جی انفارمیشن سروسز اکیڈمی نے ڈی جی ایف آئی اے کا شکریہ ادا کیا اور قومی سطح پر معلوماتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس ضمن میں طے پایا کہ انفارمیشن سروسز اکیڈمی کا ایک وفد آئندہ ہفتے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔