اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اسلام آباد ٹریفک پولیس کا موٹر سائیکل پر محفوظ سفر کیلئے اہم اقدام موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار،فیصلے کا اطلاق دو ہفتوں کی بھرپور آگاہی مہم کے بعد کیا جائے گا،شہریوں میں ہیلمٹ کی اہمیت اور فوائد اجاگر کرنے کیلئے بذریعہ سیمینارزاورسوشل میڈیاآگاہی مہم چلائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دوران سفر موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد چاہے وہ مرد ہوں یا خواتین ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا،یہ فیصلہ چیف ٹریفک آفیسر اسلام آبادکیپٹن (ر) سید زیشان حیدر کی سربراہی میں کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سڑک حادثات کے دوران جان لیوا حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے، اس فیصلے کا اطلاق دو ہفتوں کی بھرپور آگاہی مہم کے بعد کیا جائے گا،جبکہ شہریوں میں ہیلمٹ کی اہمیت اور فوائد اجاگر کرنے کیلئے بذریعہ سیمینارزاورسوشل میڈیاآگاہی مہم چلائی جائے گی .
اس مہم کے دوران موٹر سائیکل سواروں کو رضاکارانہ طور پر قانون پر عملدرآمد کی ترغیب دی جائے گی اوردو ہفتے مکمل ہونے کے بعد اگر موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد نے ہیلمٹ نہ پہنا ہو تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،چیف ٹریفک آفیسر سید زیشان حیدر نے نے کہاکہ ہیلمٹ پہننے سے کسی بھی قسم کے حادثے کی صورت میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کی شرح میں 50 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے،انہوں نے مزیدکہا کہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کے تحفظ سمیت وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقراررکھنا ہے،اسلام آباد ٹریفک پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ اس اقدام میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ناصرف آپ کی قیمتی جانیںبلکہ دوسروں کی بھی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے.