اسلام آبادپولیس کا سالانہ سمر کیمپ 2025اختتام پذیر

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اسلام آبادپولیس کا سالانہ سمر کیمپ 2025اختتام پذیر سمر کیمپ میں بچوںکو تیراکی ،کسرتی مشقیں،تیراندازی ،حربی فنون سمیت ابتدائی طبی امداداور خودحفاظتی تربیتی مشقوں پر مشتمل تربیت دی گئی، کیمپ کے انعقاد کا مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا،عوامی رابطوں کو مضبوط کرنااور پولیس اور شہریوں میں فاصلوں کو کم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ ، پولیس اور عوام کے درمیان خوداعتمادی کی فضاءکو بڑھانے کے لئے مختلف سرگرمیاں جس میں عوام کی نمائندگی شامل ہوتی ہے جاری رکھے ہوئے ہے،اسلام آباد پولیس کا سالانہ سمر کیمپ 2025 اختتام پذیر ہو گیا،اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اختتامی تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ہارون جوئیہ، سینئر پولیس افسران سمیت سمر کیمپ میں حصہ لینے والے بچے اور انکے اہلخانہ نے شرکت کی،اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزنے کہا کہ سمر کیمپ کمیونٹی پولیسنگ کا ایک حصہ ہے جس میں بچوں کو ایک ماہ کے عرصہ پر مشتمل ابتدائی ہارس رائیڈنگ، سوئمنگ، آرچری، تائیکوانڈو، مارشل آرٹس، فٹ بال، گالف، ابتدائی طبی امداد کا کورس اور خودحفاظتی تربیتی مشقوں کی تربیت دی گئی، جبکہ بچوں کے لئے میجک شو، فن ایکٹیویٹیز کا بھی انعقاد کیا گیا.

یہ تمام سرگرمیاں غیر منافعانہ بنیاد پر کی جاتی ہیں اور تمام اخراجات اس میں شامل شرکاءخود برداشت کرتے ہیں،سمرسکول میں 04سے 12سال کے بچے حصہ لیتے ہیں اور اس کا مقصد بچوں کو مثبت اور تعمیری مہارت سے لیس کرنا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس2002سے سمر کیمپس کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کررہی ہے،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے ویژن اور ہدایات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لئے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی کامیابی کے ساتھ جاری رہیں گی.

تقریب میں بچوں کے والدین نے اسلام آباد پولیس کی اس کمیونٹی بیسڈ انیشییٹوز کو سراہا اور اسے بچوں کی شخصیت سازی کے لیے ایک شاندار قدم قرار دیا،جبکہ اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی نے سمر کیمپ کے بہترین انتظامات پر متعلقہ عملے کی محنت کو سراہا اور بچوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کےلئے ایسے مزید تعلیمی، تربیتی اور تفریحی پروگرام جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے.