آئی جی اسلام آباد جرائم کے سدباب اور امن و امان کیلئے متحرک

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد جرائم کے سدباب اور امن و امان کیلئے متحرک وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ،عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے سدباب اور امن و امان کی فضاءکو برقراررکھنے کیلئے متحرک ہیں،اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پی آپریشنز ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، اے آئی جی آپریشنز و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،آئی جی اسلام آبادنے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے سمیت جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کرنے کی ہدایات جاری کیں .

انہوں نے کہا کہ تمام افسران منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم کے سدباب کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور خفیہ اطلاعات کے تبادلہ کے ذریعے فوری اور موثر اقدامات کو یقینی بنائیں،زیر تفتیش مقدما ت کو میرٹ پر یکسو کرکے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان مجاز عدالتوں میں بھجوائیں اور مجرمان کو عدالتوں سے سخت سزائیں دلوائیں، جرائم پیشہ گروہوں کے عدم گرفتار ارکان کی گرفتاریاں بھی یقینی بنائی جائیں،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ان کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اسلام آباد پولیس کا اولین فرض شہریوں کی جان و مال کی حفاظت سمیت شہر میں امن و امان کی فضا ءکو بھی قائم رکھنا ہے،آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے پرعزم ہے.