ڈی پی او ٹانک شبیر حسین شاہ نے محکمہ جنگلات کے افسران کے ہمراہ دفتر پولیس میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز

ٹانک (کرائم رپورٹر )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک شبیر حسین شاہ نے آج دفتر پولیس میں محکمہ جنگلات کے افسران کے ہمراہ ماحول دوست اقدام کے تحت پودا لگاکر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا ، اس موقع پر ڈی پی او ٹانک شبیر حسین شاہ نے کہا کہ درخت زمین کا زیور اور فطرت کا حسین تحفہ ہیں جن کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور آئندہ نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے شجرکاری مہمات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے تمام پولیس اسٹیشنز، چوکیوں اور دفاتر میں بھی پودے لگائے جائیں گے تاکہ پولیس نہ صرف قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہو بلکہ ماحولیات کے تحفظ میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرے ، اسی طرح محکمہ جنگلات کے افسران نے ڈی پی او ٹانک کی اس کاوش کو سراہا اور یقین دلایا کہ شجرکاری کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا ، آخر میں ڈی پی او ٹانک شبیر حسین شاہ نے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھیں کیونکہ ایک درخت نہ صرف سایہ دیتا ہے بلکہ زندگی کی بقا کا ضامن بھی ہے.