اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ورلڈ پولیس گیمز 2025 میں پاکستان پولیس کی تاریخ کا پہلا سلور میڈل حاصل کرنے والے باکسر علی نواز وطن واپس پہنچ گئے اسلام آباد پولیس کے فخر باکسر علی نواز کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا گیا،علی نواز کو آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی طرف سے اپنے دفتر میں مدعو کیاگیا،علی نواز نے عالمی سطح پر پاکستان اور اسلام آباد پولیس کا نام روشن کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے فخر باکسر علی نواز پاکستان پہنچ گئے،آئی جی اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اے آئی جی لاجسٹک عبدلحق عمرانی،سینئر افسران سمیت پولیس کے جوانوں کی بڑی تعداد نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا،پھولوں اور گلدستوں کے ساتھ مبارکباد دی ،کانسٹیبل علی نوازنے امریکہ میں منعقد ہونے والے ورلڈ پولیس اینڈ فائرگیمز 2025میں بہترین کارکردگی دیکھاتے ہوئے باکسنگ کے مقابلوں میں عالمی سطح پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کھلاڑیوں کو پچھاڑتے ہوئے پاکستان پولیس کا پہلاسلور میڈل حاصل کیا.
ان کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد لایا گیا،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کانسٹیبل علی نواز کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اورپاکستان کے نام کو عالمی سطح پر روشن کرنے پر شاباش دی اور انکی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا،انہوںنے باکسر علی نوازکی فرائض کی انجام دہی سمیت اپنے پروفیشنل کرئیرکو موثر انداز میں بڑھانے پر تعریف کی اور کہا کہ بطور پولیس آفیسر اپنی ذمہ داریوں سمیت اپنے کھیل کو اپنا جنون سمجھ کر محنت کرنا مشکل لیکن قابل دید عمل ہے اور آج علی نواز نے یہ سچ ثابت کیا ہے اگر آپ مسلسل محنت ،لگن اور جستجو کے ساتھ کسی بھی کام کو کرنا چاہیں تو کسی بھی ناممکن سی صورتحال کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ، مجھے بطور اس فورس کے کمانڈر فخر محسوس ہورہا ہے جس میں انتہائی بہادر ،فرض شناس اور ملک و قوم کا نام ہر سطح پر روشن کرنے والے بہادر سپوت موجود ہوں .
انہوں نے مزید کہا کہ علی نواز نے عالمی سطح پر پاکستان اوراسلام آباد پولیس کا نام روشن کرکے ہم سب کے دل جیت لئے ہیں، انہوں نے علی نواز کو نقد انعام اور اعزازی پولیس شیلڈ سے بھی نوازااور کہا کہ علی نوازکو مستقبل میں بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے محکمے کی جانب سے بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔