اسلام آباد ( کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات ، بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور ان کی خیریت دریافت کی،شہداءکی فیملیز کی ویلفیئر اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے،ہم شہداءکے بچوں کے دوست ،عزیز اور وارث ہیں،آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر سینئر پولیس افسران اسلام آباد پولیس کے شہداءکی فیملیز سے انکے گھر وں پر ملاقات کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اسلام آباد پولیس کے شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے شہید کے گھر گئے،انہوں نے شہید کے بچوں سے ملاقات کی اور ان کا حال احوال دریافت کیا،انہوں نے شہید کی فیملی کے مسائل سنے اور انہیں ان مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروائی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءقوم کے حقیقی ہیرو ہیں جن کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،انہی شہداءکی قربانیوں کی بدولت شہری سکون کی نیند سوتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں،اسلام آباد پولیس کسی لمحے اپنے شہداءکی قربانیوں کو نہیں بھولی، زند ہ قومیں اپنے شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں .
ملک کے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوت اسلام آباد پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہداءکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ہر سطح پر ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا،اسلام آباد پولیس شہداءکے بچوں کی تعلیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی،اسلام آباد پولیس کے تمام شہداءکی فیملیز میری اپنی فیملی ہے،میرے دفتر کے دروازے ہر وقت ان کے لئے کھلے ہوئے ہیں ،قبل ازیں آئی جی اسلام آبادسید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس کے سینئر پولیس افسران نے بھی شہداءکے گھروں کا دورہ کیا، انہوں نے شہداءپولیس کے اہلخانہ اور ان کے بچوں کے ساتھ ملاقات کی،انہیں تحائف پیش کئے اور ان کے مسائل سنتے ہوئے ان کی حل کی یقینی دہانی کروائی.