اسلام آباد (کرائم رپورٹر )طوفانی بارشیں / اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان شہریوں کی بروقت مدد کے لئے فیلڈ میں موجود آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران و جوانوں کو فیلڈ میں رہتے ہوئے کسی بھی ایمرجنسی میں شہریوں کی بروقت مدد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ،جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران شاہراﺅں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں طوفانی بارشوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی میں شہریوں کی بروقت مدد کو یقینی بنانے کے لئے خود فیلڈ میں موجود ہیں ، اس سلسلہ میںاسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران و جوان شاہراﺅن پر ٹریفک کی روانی کویقینی بناتے ہوئے سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی مدد میںبھی مصروف عمل ہیں جبکہ گاڑی و موٹرسائیکل خراب ہونے کی صورت میں مکینک آن ویل اور ٹریفک ہیلپ یونٹ بھی سڑکوں پر موجود ہیں،مزید دفتری اوقات میں ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر خصوصی دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں .
آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بارشوں سے متاثرہ شہریوں کی مدد کریں،ٹریفک افسران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں،تمام افسران برساتی نالوں کے گردونواح میں آباد شہریوں کی کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت مدد کریں اور ان کی حفاظت کویقینی بنائیں، انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے سیف سٹی کیمرہ جات سے مسلسل نگرانی جاری ہے.
اسلام آباد پولیس کے تمام یونٹس،ڈولفن ریسپانس یونٹ اور ابابیل سکواڈ شہر بھر میں شہریوں کی مدد کے لئے موجود ہیں،شہریوں کو اسلام آباد پولیس کے ریڈیو ایف ایم 92.4 سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے،شہری کسی بھی ایمرجنسی کے لئے پکار 15-پر کال کرسکتے ہیں،اسی کے ساتھ ایس ایس پی آپریشنز نے سیدپور اور شہر کے دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور افسران کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں.