آئی جی اسلام آباد اتوار کے روز رات گئے دفتری امور میں مصروف

اسلام آبا د (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد اتوار کے روز رات گئے دفتری امور میں مصروف رہے ڈی آئی جی اسلام آبادو دیگر سینئر افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں امن و امان کی صورتحال، جاری آپریشنز اور پولیس کارکردگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اتوار کے روز رات گئے تک دفتری امور میں مصروف رہے، اس دوران انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آبادمحمد جواد طارق، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں امن و امان کی صورتحال، جاری آپریشنز اور پولیس کارکردگی سے متعلق امور پرتفصیلی جائزہ لیا گیا،افسران نے آئی جی اسلام آباد کو امن وعامہ کے سلسلہ میں اٹھائے گئے سکیورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریف کیا.

اسلام آباد پولیس کسی بھی عناصر کو شہرکے امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی اور شہریوں کی جان و مال اور نجی وسرکاری املاک کے تحفظ کے لئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے گی،انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنے علاقہ حدود میں گشت کو مزید موثر بنائیں ،تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں ،ملازمان کو بریف کریں اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں ،آئی جی اسلام آباد سیدعلی ناصر نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن وعامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پکار 15یا آئی سی ٹی 15ایپ پر اطلاع دیں، اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی.