اے این ایف نے منشیات کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، 31 کلو 200 گرام ویڈ برآمد

اسلام آبا د (کرائم رپورٹر )منشیات کے خلاف جاری جنگ میں اے این ایف نے ایک نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ویڈ کی ایک بہت بڑی مقدار کی پاکستان اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔اس اہم کامیابی کے نتیجے میں اے این ایف نے مجموعی طور پر 31 کلو 200 گرام ویڈ برآمد کر لی ہے۔ یہ کامیابی منشیات کے بین الاقوامی گروہوں کی مسلسل نگرانی اور اُن کے خلاف بروقت کارروائی سے ممکن ہوئی ہے۔

ہفتہ کو اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف کے خفیہ ذرائع نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے مختلف نیٹ ورکس کی نگرانی سے اخذ کیا کہ اِن ممالک کے مختلف گروہ پاکستان میں ویڈ کی بڑی مقدار اسمگل کرنے جا رہے ہیں۔نتیجتاً تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس خاص طور پر کارگو سیکشن میں تعینات اے این ایف کے اہلکاروں کو چوکس کیا گیا۔مصدقہ اطلاعات پر اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں تھائی لینڈ سے آنے والے 45مشکوک ڈبوں کو چیک کیا گیا۔ تلاشی کے دوران چلی پیسٹ کے 195 چھوٹے پیکٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 31کلو 200 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ یہ منشیات اسلام آباد کے ایک فرضی پتہ پر بھیجی گئی تھی۔ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے پاکستان میں موجود گروہ کے ممبران کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ذریعے تھائی لینڈ حکومت کے ساتھ ملوث مذکورہ گروہ کے ممبران کی گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انٹرنیشنل اسمگلنگ گروہ کے خلاف یہ اہم کامیابی اس بات کی غماز ہے کہ اے این ایف بطور ادارہ اپنی محدود افرادی قوت اور وسائل کے باوجود منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور انداز میں کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے