اسلام آباد (کرائم رپورٹر )طورخم بارڈر پر ایف آئی اے کے ایک اہلکار کی جانب سے دوران ڈیوٹی مسافروں کی ریکارڈنگ کرنے اور فرائض منصبی میں غفلت برتنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاور زون سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
احتشام الحق نامی اہلکار کو فوری طور پر معطل کر کے اس کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ یہ اہلکار طورخم امیگریشن چیک پوسٹ پر تعینات ہے اور مسافروں کی ریکارڈنگ کر رہا ہے، جو فرائض منصبی کی خلاف ورزی ہے۔
ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ شہریوں کے ساتھ شائستہ، مہذب اور قانون کے مطابق رویہ اپنانے پر سختی سے کاربند ہے اور مسافروں کو باوقار و معیاری امیگریشن سروس فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ ادارہ جدید امیگریشن سروس کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہے۔
کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال یا بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔