اسلام آبا د (کرائم رپورٹر )چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر)حمزہ ہمایوں کا ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر زکا دورہ افسران نے لائسنس کے مختلف شعبہ جات اور طریقہ کار کے متعلق بریفنگ دی ، لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا،جبکہ لائسنس کے اجراءمیں شفافیت اور معیارکو برقراررکھنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر)حمزہ ہمایوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر زکا دورہ کیا،اس موقع پر سینئر پولیس افسران نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے مختلف شعبہ جات اور کام کے طریقہ کار کے متعلق بریفنگ دی،سی ٹی او اسلام آباد نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کےلئے آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا،اس موقع پر انہوں نے لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے درخواست دہنگان سے ملاقات بھی کی اور درپیش مسائل کے متعلق دریافت کیا،انہوں نے تمام ٹریفک پولیس افسران کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو آسانیاں اور تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لائسنس کے حصول کےلئے آنے والے شہریوں کی رہنمائی کے لئے پولیس گائیڈ تعینات کر دئیے گئے ہیں .
جبکہ میرٹ اور شفافیت پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکو مساوی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا،انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،جبکہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آیا جائے،اسی طرح ڈرائیونگ لرنر پرمٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق خصوصی آگاہی فراہم کی جائے تا کہ اسلام آباد کو حادثات سے پاک شہر بنایا جاسکے،انہوں نے مزید کہا کہ افسران ٹریفک پولیس کے ضابطہ اخلاق “پہلے سلام پھر کلام” پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں،وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقراررکھنا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.