ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے گرد گھیرا تنگ

کراچی( کرائم رپورٹر)ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم اور اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے اہم کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں محمد یوسف، عبدالقادر اور محمود علی شامل ہیں جنہیں سلطان روڈ اور کلفٹن سے رقم کی ترسیل کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 76 لاکھ 95 ہزار روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی ، اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے پانچ موبائل فونز بھی ضبط کیے گئے جو غیر قانونی کرنسی کی لین دین میں استعمال ہو رہے تھے۔ ملزمان نے برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ یہ کارروائی حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور مالیاتی جرائم کی روک تھام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔