ایف آئی اے کوئٹہ کی بڑی کارروائی: انسانی اسمگلر ایجنٹ طوریلائی عرف عبداللہ 6 افغان باشندوں سمیت گرفتار

کوئٹہ(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے منظم گینگ کے اہم ایجنٹ طوریلائی عرف عبداللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران 6 افغان باشندے بھی گرفتار کیے گئے۔

گرفتار افغان شہریوں میں نعیم اللہ، مظہر محمد، گلاب خان، ولی خان، امین اللہ اور ولید اللہ شامل ہیں، جنہیں غیر قانونی طور پر پاکستان کے راستے ایران بھیجنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم طوریلائی کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے، جس سے انسانی اسمگلنگ سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ طوریلائی کا رابطہ انسانی اسمگلر نور اللہ سے تھا، جو اس غیر قانونی نیٹ ورک کا مرکزی کردار ہے۔

ملزم اور اس کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ وہ افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر پاکستان کے بارڈر سے ایران منتقل کرتے تھے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ہے اور اسے مکمل تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث اس نیٹ ورک کو جلد بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔