کوئٹہ(کرائم رپورٹر )ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات پر ملک بھر میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت ایف آئی اے بلوچستان زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم بین الاقوامی گینگ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل کوئٹہ کی اس کارروائی میں گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت جنید اور عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان حوالہ ہنڈی کے ذریعے افغانستان، دبئی اور آسٹریلیا سے غیر قانونی طور پر رقوم کی ترسیل میں ملوث پائے گئے۔
گرفتاری کے دوران ملزمان کے قبضے سے 33 ملین ایرانی ریال برآمد کیے گئے جبکہ ان کے زیر استعمال دو موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ حکام کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ مزید انکشافات اور گینگ کے دیگر اراکین کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے تمام نیٹ ورکس کا خاتمہ کر کے ملک کی معیشت کو غیر قانونی رقوم کی ترسیل سے محفوظ بنایا جائے گا۔