اسلام آباد(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ زریاب احمد نامی مسافر کو آف لوڈ کر کے قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق زریاب احمد سیالکوٹ کا رہائشی ہے اور بین الاقوامی پرواز کے ذریعے پرتگال روانہ ہو رہا تھا۔ امیگریشن چیک کے دوران مسافر کے پاسپورٹ پر لگے ہوئے پرتگال کے ورک ویزے کو مشکوک قرار دیا گیا، جس کی جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ ویزہ جعلی ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کیا اور اسے مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور مسافر سے جعلی دستاویزات کی تیاری اور سہولت کاری میں ملوث افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی سفری دستاویزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔