اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی اور انفورسمنٹ مہم جاری سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی،ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف قانونی تقاضا ہے بلکہ یہ ہر شہری کی ذاتی حفاظت کے لئے ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے شعور بیدار کرنے اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے آگاہی اور انفورسمنٹ مہم تیز کر دی ہے،اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی،اس موقع پر انہوں نے موٹر سائیکل سواروں سے کہا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال لازمی بنائیں، ہیلمٹ نہ صرف ایک قانونی تقاضا ہے بلکہ یہ ہر شہری کی جان کی حفاظت کے لئے ایک بنیادی ڈھال بھی ہے .
انہوں نے مزید کہا کہ شہری اگر صرف اشاروں کی پابندی، تیز رفتاری سے گریز اور ہیلمٹ کے استعمال جیسے بنیادی اصولوں پر عمل کریں تو ہم اپنے شہر کو حادثات سے پاک بنا سکتے ہیں،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور خود بھی قوانین کی پابندی کریں تاکہ سڑکوں کو محفوظ اور پ±رامن بنایا جاسکے، انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہے اور اس مقصد کے لئے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی .
سی ٹی او اسلام آباد نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے سے روکیں اور انہیں حفاظتی اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف قانون کا احترام ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی علامت بھی ہے۔