ڈی جی ایف آئی اے کا بڑا ایکشن: ناقص تفتیش اور غفلت پر 4 سب انسپکٹرز اور ایل ڈی سی برطرف

اسلام آباد(کرا ئم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت اردلی روم کا انعقاد کیا گیا جس میں بدنیتی پر مبنی ناقص تفتیش اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران ناقص تفتیش اور غفلت کے مرتکب چار سب انسپکٹرز اور ایک ایل ڈی سی کو ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم دیا گیا.

محکمانہ ذرائع کے مطابق برطرف کیے گئے اہلکار اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور زون میں تعینات تھے، اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے واضح کیا کہ غفلت، لاپروائی اور ناقص تفتیش میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ کرپشن، بدعنوانی اور غفلت میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا.

محکمانہ احتساب کا مقصد ایف آئی اے کو کرپشن اور بے ضابطگیوں میں ملوث کالی بھیڑوں سے پاک کرنا ہے،رفعت مختار راجہ کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، ادارے میں شفاف احتسابی عمل کے ذریعے ہی انسانی سمگلنگ اور کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ غفلت برتنے والے افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ ادارے کی ساکھ اور شفافیت کو ہر حال میں برقرار رکھا جا سکے۔