گوادر کے راستے ایران جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام، 56 افراد گرفتار

اسلام آباد ( کرائم رپورٹر )یف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایران جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ کارروائی کے دوران افغان شہریوں سمیت 56 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار افراد غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے پاکستان سے ایران داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہیں بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی سے گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان کا تعلق پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں سے ہے، جن میں شامل ہیں:
منڈی بہاءالدین: 16 افراد
گوجرانوالہ: 13 افراد
گجرات: 8 افراد
شیخوپورہ: 2 افراد
مظفرگڑھ: 5 افراد
بہاولپور: 3 افراد
باجوڑ: 2 افراد
سرگودھا، کراچی، سانگھڑ، حافظ آباد، خانیوال: ایک، ایک فرد
افغانستان: 2 افراد.

ابتدائی تفتیش کے مطابق، یہ تمام افراد ایران کے راستے یورپ، ترکی یا دیگر ممالک میں غیر قانونی داخلے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ملزمان انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے ذریعے اس سفر پر روانہ ہوئے تھے ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی مقدمات درج کر لیے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث ایجنٹس اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ہجرت کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کو غیر قانونی سفر سے گریز کرنے اور قانونی ذرائع اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔