اسلام آباد پولیس آنلائن وویمن پولیس اسٹیشن خواتین کے تحفظ کےلئے کوشاں

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )اسلام آباد پولیس آنلائن وویمن پولیس اسٹیشن خواتین کے تحفظ کےلئے کوشاں خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی و تشدد اور امتیازی سلوک کےخلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں،جبکہ اب تک 2700 شکایات کا اندارج بھی کیاجا چکا ہے ،خواتین کسی بھی قسم کی ہراسانی کی شکایت ہیلپ لائن 1815پر درج کر وا سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میں اسلام آباد پولیس آنلائن وویمن پولیس اسٹیشن خواتین کے تحفظ کےلئے ہمہ وقت کوشاںہے،اس سلسلے میں خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی و تشدد اور امتیازی سلوک کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائیاں عمل میں لا ئی جارہی ہیں،جبکہ آنلائن وویمن پولیس اسٹیشن گھریلو تشدد ،جسمانی و ذہنی ہراسانی کا شکار خواتین کی شکایات پر ان کی فوری دادرسی کو ممکن بناتا ہے.

جبکہ یہ اسٹیشن خواتین کے تحفظ کےلئے24/7اپنے فرائض سرانجام دے رہاہے،اب تک اس پولیس اسٹیشن پر2700شکایات کا اندارج عمل میں لایا گیا ہے ، جس میں2600 شکایات کو حل کیا جا چکا ہے جبکہ 33شکایات پر قانونی کارروائی جاری ہے،اسی طرح آنلائن وویمن اسٹیشن پر موصو ل2700شکایات میں سے 2570خواتین نے بھرپوراطمینان کا اظہار کیا،اس اسٹیشن پر مرد شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی کالز کو خود کار نظام کے تحت پکار15ہیلپ لائن پر منتقل کردیا جاتاہے،جبکہ دیگر کالز پر خواتین کی راہنمائی کے ساتھ شکایات کا اندارج بھی عمل میں لایاجاتا ہے،خواتین کی شکایات پر کیس درج کرنے کے بعد متعلقہ ایس پی ،ایس ایچ او اور خواتین پولیس اسٹیشن میں اطلاع کر دی جاتی ہے جبکہ شکایت کنندہ خاتون کو بھی بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دے دی جاتی ہے.

اگر شکایت کنندہ خاتون اپنے کیس پر قانونی کارروائی سے مطمئن نہ ہوتو اس کی شکایت “آئی جی پی شکایت سیل “1715پر دیگر قانونی کارروائی کیلئے بھجوادی جاتی ہے،خواتین کسی بھی قسم کی ہراسانی کی شکایت مختص کردہ ہیلپ لائن 1815پر کسی بھی وقت درج کر وا سکتی ہیں.