ایف آئی اے اسلام آباد زون کی بڑی کارروائی، کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کے اغواء، تشدد اور جبری مشقت میں ملوث 4 انسانی اسمگلرز گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)ایف آئی اے اسلام آباد زون کا انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل راولپنڈی نے کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر اغواء، تشدد اور جبری مشقت میں ملوث 4 بدنام زمانہ انسانی ٹریفکرز کو گرفتار کر لیا گرفتار ملزمان میں علی حیدر، سمین حیات، عمر فاروق اور مزمل خان شامل ہیں، جنہیں راولپنڈی، تلہ گنگ اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے متعدد شہریوں کو آئی ٹی اور کمپیوٹر فیلڈ میں ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 8 سے 10 لاکھ روپے ہتھیا لیے تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے متاثرین سے بھاری رقوم نقد اور بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کیں، اور انہیں کمبوڈیا پہنچنے کے بعد یرغمال بنا لیا۔ وہاں ان پر تشدد کیا جاتا اور زبردستی جبری مشقت کروائی جاتی۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرین سے 20 سے 21 گھنٹے روزانہ فراڈ کال سینٹرز میں کام کروایا جاتا تھا، جس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر جعلی کالز اور دھوکہ دہی کی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ جب متاثرہ افراد نے وطن واپسی کی خواہش ظاہر کی، تو ملزمان نے ان سے مزید بھاری رقوم طلب کیں ایف آئی اے نے چاروں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ کرنے والے ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔