اسلام آباد ٹریفک دفتر فیض آباد 24 گھنٹے کھلا رہے گا، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر یکم اکتوبر سے سخت کارروائی ہوگی: آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی

اسلام آبا د (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد کا رات گئے پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے اہم اجلاس لائسنس کے اجرا کے عمل کو تیز کرنے اور عوام کو مزید سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات،خدمت مرکز ایف سکس کے ساتھ اب ٹریفک دفتر فیض آباد بھی 24 گھنٹے عوام کو سروسز مہیا کرنے کیلئے کھلا رہے گا،اقدام کا مقصد شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر صدارت رات گئے پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آبادسمیت سینئر پولیس افسران موجود تھے، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو لائسنس کے اجراءکے عمل کو تیز کرنے اور عوام کو مزید سہولیات مہیا کرنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کیں،وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کیلئے خدمت مرکز ایف سکس کے ساتھ اب ٹریفک پولیس دفتر فیض آباد بھی 24 گھنٹے عوام کو سروسز مہیا کرنے کیلئے کھلا رہے گا .

جبکہ خدمت مراکز کے اوقات کار 6 بجے سے بڑھا کر 9 بجے کردیے گئے ہیں اور اضافی کاو¿نٹر بھی لگائے جارہے ہیں،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کو مستقبل میںتمام تھانوں سے بھی ٹریفک سے متعلقہ سہولیات میسر کی جائیں گی،اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکی سہولت 11 خدمت مراکز پر بھی مہیا کی گئی ہیں .

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کرنا ہے، تمام شہری یکم اکتوبر سے پہلے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیں،یکم اکتوبر کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس ڈرائیونگ پر ایف آئی آر درج ہوگی، گرفتاری بھی ہوگی اور گاڑی بند ہوگی،اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس شہریوں کو مختلف پلیٹ فارم کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کررہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور جرائم کے انسداد سمیت شہریوں کو ہر ممکن سہولیات مہیاکرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں.