اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں اردلی روم کا انعقاد ہوا، جس میں ادارے میں بدعنوانی، ناقص تفتیش اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی تفصیلات کے مطابق کرپشن، غفلت اور ناقص تفتیش میں ملوث 5 افسران کو سزا سنائی گئی، جن میں 2 انسپکٹرز اور 2 سب انسپکٹرز کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ ایک خاتون انسپکٹر کو ناقص تفتیش پر عہدے سے تنزلی دے کر سب انسپکٹر بنا دیا گیا۔
سزا یافتہ افسران اسلام آباد، کراچی اور لاہور زونز میں تعینات تھے ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ کرپشن، غفلت اور ناقص کارکردگی کے حامل اہلکاروں کی ایف آئی اے میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کے لیے سخت احتسابی عمل جاری ہے، اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے اس بات پر زور دیا کہ صرف مؤثر اور بے لاگ احتساب کے ذریعے ہی انسانی سمگلنگ، مالی بدعنوانی اور دیگر جرائم کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی ایف آئی اے کی جانب سے کی گئی اس کارروائی کو شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔