فیصل آباد(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے مارشل آرٹس کے جعلی کھلاڑی ظاہر کر کے روس جانے والے 5 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا تفصیلات کے مطابق یہ افراد فلائٹ نمبر FZ392 کے ذریعے روس جا رہے تھے۔ آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں اقبال مرتضیٰ (لاہور)، عبدالوہاب (گجرانوالہ)، شاہزیب خان (حافظ آباد)، سمیع اللہ (نوشہرہ) اور محمد سلیمان (راولپنڈی) شامل ہیں ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ تمام افراد مارشل آرٹس سے لاعلم ہیں اور ان کے پاس نہ کوئی تربیتی ثبوت موجود تھا اور نہ ہی روس سے مدعو کیے جانے کا کوئی دعوت نامہ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق کم عمر مسافروں سمیع اللہ اور محمد سلیمان کو جعلی کھلاڑی ظاہر کیا گیا تھا۔
مزید تحقیقات میں پتہ چلا کہ گرفتار ٹیم کے مبینہ سربراہ اقبال مرتضیٰ کے پاس نہ تو کسی رجسٹرڈ اسپورٹس تنظیم کی شناخت تھی اور نہ ہی کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کا باقاعدہ دعوت نامہ موجود تھا۔ اسی طرح گرفتار ٹرینرز شاہزیب خان اور عبدالوہاب بھی کھیل کے متعلق بنیادی معلومات سے ناآشنا پائے گئے ایف آئی اے نے تمام مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد انہیں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے ایف آئی اے نے اس کارروائی کو انسانی سمگلنگ کے خلاف اپنی مستقل کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے ایسے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔