اسلام آباد(کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد کا شہریوں کی سہولت کےلئے اہم فیصلہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کےلئے ڈیڈ لائن میں 7 روز کی توسیع ،شہری 7 اکتوبر 2025 تک ہر صورت اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں،8 اکتوبر سے بغیر ڈرائیونگ لائسنس سخت کارروائیاں ہونگی،فیصلے کا مقصد شہریوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات دینا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کےلئے ڈیڈ لائن میں 7روز کی توسیع کر دی ہے،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہری 7 اکتوبر 2025 تک ہر صورت اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں،8 اکتوبر سے بغیر ڈرائیونگ لائسنس سخت کارروائیاں ہونگی،جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی و موٹرسائیکل چلانے پر مقدمہ درج ہوگا، گرفتاری ہوگی اورگاڑی تھانہ میںبند ہوگی،یہ کارروائی بلاتفریق ہوگی چاہے شہری کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو .
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس 7 اکتوبر تک شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرے گی،اس سلسلے میںشہری فیض آباد ٹریفک آفس، تمام خدمت مراکز اور ٹریفک سہولت وینز سے بھی لائسنس بنوا سکتے ہیں،سی ٹی او اسلام آباد نے مزیدکہا کہ شہریوں سے اپیل ہے7 اکتوبر تک ہر صورت اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تمام ڈرائیورز ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں اوراپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں اور قانونی کارروائی سے بچیں،بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا اپنی اور دوسروں کی جان کے لئے خطرہ ہوتا ہے،اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی،اس فیصلے کا مقصد شہریوں کوزیادہ سے زیادہ سہولیات دینا ہے۔