ایف آئی اے انٹرپول کی بڑی کامیابی، قتل کیس میں مطلوب اشتہاری ملزم ساجن خان سعودی عرب سے گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ایک اور اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم ساجن خان کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منتقل کر کے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق ساجن خان گزشتہ دو سال سے قتل کے ایک مقدمے میں پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے خلاف تھانہ ساہیوال میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ملزم واردات کے بعد ملک سے فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ریاض کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ ساجن خان کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا گیا، جہاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے اسے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا ایف آئی اے کے مطابق بین الاقوامی سطح پر مفرور مجرموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اور قانون کی گرفت سے بچنے والے کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا۔