ایف آئی اے اور آئی سی ایم پی ڈی کے اشتراک سے دو روزہ مشاورتی ورکشاپ، جعلی نوکریوں اور سائبر خطرات سے نمٹنے کیلئے قومی حکمتِ عملی پر اتفاق

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD) کے اشتراک سے اسلام آباد میں دو روزہ مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ، یہ ورکشاپ ایف جے اے-پاک منصوبے کے تحت منعقد کی گئی، جسے ناروے ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کی مالی معاونت حاصل ہے۔ ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو جعلی ملازمت کے اشتہارات، سائبر سرگرمیوں اور غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ کرنا تھا ورکشاپ میں وزارت داخلہ، ایف آئی اے، اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (BOEE)، نیشنل پولیس بیورو، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور PK-CERT کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران محفوظ اور باخبر ہجرت کے راستوں کو اجاگر کیا گیا اور اسٹیک ہولڈرز سے آگاہی مہم کے مؤثر طریقوں پر تجاویز لی گئیں شرکاء نے جعلی جاب اشتہارات کی روک تھام کے لیے موجودہ آگاہی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا، اور قومی سطح پر ایک منظم آگاہی مہم کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ورکشاپ کے اختتام پر نیشنل پلان آف ایکشن برائے آگاہی کی تشکیل کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔ منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت جیسے خطرات سے محفوظ رکھنا اور باخبر فیصلے کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔