15 سال سے نیب کو مطلوب اشتہاری ملزم کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو 15 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کامران احمد خان کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم کامران احمد خان یوگنڈا سے کراچی ایئرپورٹ پہنچا تھا، جہاں امیگریشن حکام نے اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں موجود ہونے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف نیب کراچی میں سال 2010 میں ریفرنس درج کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ ملک سے فرار ہو گیا تھا ، ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے متحدہ عرب امارات فرار ہو گیا تھا اور وہاں سے ایک ایجنٹ کے ذریعے 6000 امریکی ڈالر کے عوض جعلی مالٹا کا پاسپورٹ اور ریزیڈنٹ کارڈ حاصل کیا۔ تاہم سفری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد یہ بات واضح ہو گئی کہ ملزم نے کبھی مالٹا کا سفر ہی نہیں کیا تھا، اور اس کے پیش کردہ سفری دستاویزات جعلی ثابت ہوئیں۔

ملزم کامران احمد خان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ نیب کی جانب سے مالی بدعنوانی کے ایک اہم مقدمے میں طویل عرصے سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے ملزم کو حراست میں لینے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے نیب کے حوالے کر دیا ہے ، حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن جعلسازی اور دھوکہ دہی کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور قانون سے بچنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔