کوئٹہ(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے بلوچستان زون کی کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل چمن کی ٹیم نے چمن کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے 22,000 امریکی ڈالر، 24,500 سعودی ریال، 113,760 افغانی اور 495,000 پاکستانی روپے برآمد کیے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے اور حوالہ ہنڈی میں بھی ملوث تھے ، گرفتار ملزمان کے موبائل فونز اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں جو غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے متعلق اہم معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم، ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو قائل نہیں کر سکے۔
ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مالی بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔