کراچی(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث اہم انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم شاہد عمران کو کراچی ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایمرجنسی پاسپورٹ پر مراکش سے پاکستان پہنچا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم نے درجنوں پاکستانیوں کو غیر قانونی طریقے سے مراکش منتقل کیا، جہاں سے وہ یورپ جانے کی کوشش کرتے تھے۔
شاہد عمران خود بھی مراکش میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا اور ایف آئی اے کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے حوالے کر دیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے دیگر سہولت کاروں اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے بارے میں تفتیش جاری ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔