گوادر(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے انسانی سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے ایران جانے والے 17 ملزمان کو گرفتار کر لی ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع سے ہے۔ ان میں 4 کا تعلق حافظ آباد، 4 کا گوجرانوالہ، 3 کا گوادر، جبکہ دیگر کا تعلق گجرات، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور جہلم سے ہے۔
تمام ملزمان کو گوادر کے ساحلی علاقے جیوانی سے گرفتار کیا گیا، جہاں سے وہ غیر قانونی طور پر ایران کے لیے روانہ ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار افراد کا منصوبہ ایران کے راستے دیگر ممالک میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونا تھا۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف تین مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔