پاکستانی وفد کی ویانا میں بین الاقوامی مرکز برائے پالیسی ترقی برائے ہجرت (ICMPD) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سرحدی انتظام اور ہجرت کے موضوع پر تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )پاکستان کے وفاقی سیکرٹری داخلہ و نشہ آور اشیاء کنٹرول کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ویانا میں بین الاقوامی مرکز برائے ہجرت کی پالیسی ترقی (ICMPD) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس وفد میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل جناب رفعت مختار راجہ اور او پی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب افضال بھٹی بھی شامل تھے وفد نے ICMPD کے ڈائریکٹر جنرل جناب مائیکل اسپنڈی لیگر سے ملاقات کی اور سلک روٹس ریجن ٹیم کی جانب سے پاکستان میں سرحدی انتظام اور ہجرت کی حکمرانی کے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

اس موقع پر یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ پاکستان ICMPD کے لیے ایک کلیدی شراکت دار ہے اور محفوظ، منظم اور باقاعدہ ہجرت کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعاون کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے۔ وفد نے محفوظ ہجرت کے فروغ اور سرحدی کنٹرول و ہجرت کے نظام میں جدید اقدامات متعارف کروانے کے عزم کا اعادہ کیا وفد ICMPD کے مرکزی ویانا مائیگریشن کانفرنس (21-22 اکتوبر 2025) میں بھی حصہ لے گا، جو یورپ کا ایک اہم فورم ہے جہاں حکومتیں، بین الاقوامی ادارے، علمی حلقے اور سول سوسائٹی ہجرت کے رجحانات، چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کرتے ہیں یہ دورہ پاکستان کی بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔