اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )وفاقی دارالحکومت کے علاقہ مارگلہ کے سنٹورس مال میں ایک خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کے واقعہ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق، پولیس نے تھانہ مارگلہ میں سنٹورس مال کے فلیٹ نمبر 606 میں پیش آنے والے واقعہ کیخلاف درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار شدہ ملزمان کو شناخت کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرے گی۔
متاثرہ خاتون میرے جعفر جی 12 کی رہائشی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ضلع پاک پتن کی رہائشی ہیں اور روزگار کی تلاش میں دس دن قبل اسلام آباد آئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیس بک کے ذریعے ملازمت کی تلاش کر رہی تھیں جس پر انہوں نے ‘علیزے کال سینٹر’ جی 9 ون نیشنل گلاس ہاؤس میں رابطہ کیا تو انہیں وہاں آنے کو کہا گیا وہ شام چار بجے کال سینٹر پہنچیں جہاں ریسیپشن پر اسامہ عرف علی نے انہیں بیٹھنے کو کہا۔ تقریباً دو گھنٹے بعد دو نوجوان فیصل جلال اور سید حفیظ اللہ وہاں آئے اور انہوں نے خاتون کو اپنا فون نمبر دیا ، خاتون کے مطابق، وہ کچھ دنوں کے لیے لاہور چلی گئیں۔
لاہور سے واپسی پر 21 اکتوبر کو صبح دس سے گیارہ بجے کے درمیان فیصل جلال نے ان سے رابطہ کر کے سنٹورس ٹاور آنے کو کہا۔ وہ سنٹورس مال پہنچیں تو سید حفیظ اللہ انہیں لینے نیچے آیا اور انہیں سنٹورس مال کے فلیٹ نمبر 606 پر لے گیا ، خاتون کے مطابق، فلیٹ میں داخل ہوتے ہی دونوں نے تقریباً ایک گھنٹہ تک گپ شپ لگائی۔ جب انہوں نے ملازمت کے بارے میں پوچھا تو فیصل جلال نے انہیں زبردستی ایک کمرے میں لے جا کر ان کے ساتھ زیادتی کی اور منع کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس کے بعد دوسرے ملزم سید حفیظ اللہ نے بھی ان کے ساتھ زبردستی زیادتی کی اور انہیں تھپڑوں سے مارتے رہے خاتون نے بتایا کہ دروازہ بند ہونے کی وجہ سے ان کی آواز باہر نہیں جا سکی۔ موقع ملتے ہی وہ کمرے سے نکل کر باہر آئیں اور فوری طور پر 15 کو کال کر کے پولیس کو بلایا۔
پولیس نے واقعہ کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں کی جا چکی ہیں اور ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔