جی سکس میں چوری کی واردات اور بزرگ مالک کی موت،مقدمہ درج کرلیا گیا

اسلام آباد(سی این پی)سابقہ گھریلو ملازم کی ساتھی ملزمان کے ہمراہ جی سکس گھر میں واردات کامعاملہ۔واقعہ کے متعلق تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔

ابتدائی تحقیقات اور شواہد کے مطابق ایک ملزم ماسک پہنے گھر میں داخل ہوا جس کے پیچھے مزید تین ملزمان آئے۔تین ملزمان نے گھر میں واردات کی اور فرار ہوگئے جبکہ چوتھا ملزم انہیں مانیٹر کرتا رہا۔گھر میں مالک مکان 87 سالہ بزرگ عید بادشاہ اور تین گھریلو ملازمین بھی رہائش پذیر تھے۔

واردات کے بعد بزرگ عید بادشاہ کی موت واقع ہوگئی۔گھریلو ملازمین کے مطابق بزرگ دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور تین دن قبل دل کا آپریشن ہوا تھا۔ڈیڈ باڈی پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مالک مکان نے چند روز قبل اپنے ایک ملازم کو نوکری سے نکال دیا تھا۔

تحقیقات کے مطابق سابقہ ملازم مالک مکان کے اے ٹی ایم سے چوری پیسے نکلوانے اورغلط حرکتوں میں ملوث تھا۔پولیس وقوعہ کے متعلق شواہد کی روشنی میں تمام زاویوں سے تفتیش کررہی ہے۔البتہ وقوعہ میں نوکری سے نکالے گئے سابقہ ملازم کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کی زیرنگرانی پولیس ٹیم تمام شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔