تھانہ ترنول پولیس کا ڈکیت گینگ کے خلاف بڑا ایکشن ۔پولیس مقابلہ میں فرار ہونے والے تین ڈکیت گرفتار

تھانہ ترنول پولیس کا ڈکیت گینگ کے خلاف بڑا ایکشن ۔پولیس مقابلہ میں فرار ہونے والے تین ڈکیت گرفتار، اسلحہ و ایمونیشن برآمد۔
ملزمان نے 30اپریل 2022کو ترنول کے علاقہ میں ریڈ کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی اور فرار ہو گئے تھے جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں موقع سے گرفتار کرلیاگیا تھا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ترنول پولیس کو مخبر خاص نے اطلا ع دی کہ مقدمہ نمبر 517/22تھانہ ترنول میں ملوث ملزمان جو دوران ریڈ پولیس پر فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے تھے موٹر سائیکل پر سوار ڈھوک چھوئی داخلی سرائے خربوزہ سے سرائے مادھو سنگجانی ٹول پلازہ کی طرف آرہے ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ ترنول محمد اقبال گجر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے برساتی نالہ سرائے مادھو پہنچ کر خفیہ ناکہ لگایا اسی دوران پولیس ٹیم نے دو موٹر سائیکلوں کو آتے ہوئے دیکھا جن کو مناسب حکمت عملی سے روک کر قابو کیا ۔ موٹر سائیکل پر سوارتین ملزمان نے اپنے نام عبدالرزاق ولد ناصر سکنہ ترنول، زوہیب ولد اقبال خان سکنہ ترنول اور سکندر بادشاہ ولد نوربادشاہ سکنہ ترنول بتائے جن کی تلاشی لینے پر ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، دو پسٹلز معہ ایمونیشن برآمد ہوئے ۔ ملزمان 30اپریل 2022کو ڈھوک رمضانیاں میں ایک ریڈ کے دوران پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے تھانہ ترنول کے علاقوں میں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گن پوائنٹ پر سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ، ملزمان کو 18وارداتوں میں شناخت پریڈ کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے ۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس اور ایس ایس پی آپریشنز محمد فیصل کامران نے پولیس ٹیم کی بہترین کارکردگی پر شاباش اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا اسلام آباد پولیس اپنے شہر یوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات بروئے کا رلارہی ہے ۔ ایسے قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے تمام زونل افسران کو مزید ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن میں تیزی لائیں ۔