انڈوں کو وٹامن ڈی سمیت دیگر جسمانی صحت کے لیے بہتر قرار دیا جاتا ہے، تاہم اب ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ وزن پر قابو پانے سمیت موٹاپے کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
ہسپانوی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک مختصر مگر جامع تحقیق سے معلوم ہوا کہ انڈوں کا یومیہ استعمال نہ صرف وزن پر قابو پانے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ اس سے جسمانی چربی اور موٹاپا بھی کم ہوتا ہے۔
یونیورسٹی آف کاسیلا لا مانچا کی جانب سے 18 سے 30 سال کی عمر کے 350 سے زائد طالب علموں پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ انڈوں کا یومیہ استعمال نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ ان کے استعمال سے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) بھی بہتر اور مضبوط ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے رضاکاروں کو یومیہ انڈے استعمال کرنے کا کہا اور رضاکاروں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ زردی سمیت انڈوں کا یومیہ استعمال نہ صرف ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے بلکہ وہ جسمانی قوت بھی بڑھاتے ہیں اور ان سے وزن کم ہونے سمیت دماغی اور دل کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ اگرچہ زردی کے بغیر انڈے کھانوں سے بھی مجموعی طور پر بہترین نتائج حاصل ہوئے، تاہم ماہرین کے مطابق زردی سمیت مکمل انڈوں کو کھانے سے زیادہ فوائد ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انڈوں کا یومیہ استعمال نہ صرف وزن کو قابو کرنے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ اس سے جسم کی چربی بھی ختم ہوتی ہے اور جسمانی قوت بڑھنے سمیت ہڈیوں کی مضبوطی بھی بڑھتی ہے۔
ماہرین نے تجویز دی کہ یومیہ ایک اور ہفتے میں کم از کم 5 انڈے کھائے جانے چاہیے۔
اس سے قبل ہونے والی تحقیقات میں بھی انڈوں کو وٹامن ڈی سمیت دماغی و جسمانی صحت کے لیے بہتر قرار دیا جا چکا ہے۔