پانچ سال کے اندر پاکستان کی ادویات کی برآمدات 30 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے،وفاقی وزیرِ سید مصطفیٰ کمال

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پانچ سال کے اندر پاکستان کی ادویات کی برآمدات 30 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف ہے جس کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈریپ کے اہم اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ادویات کی برآمدات 5 سال کے اندر 30 بلین ڈالر تک پہنچائیں گے۔اجلاس میں پانچ سال کے اندر 30 بلین امریکی ڈالر کی ادویات کی برآمدات کے ہدف کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ادویات کی برآمدات بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا گیا ، ڈریپ کی ٹیم اور وزارتِ صحت اس منصو بہ کی پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی ادویات کی دنیا کے بڑے تجارتی بلاکس میں رسائی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ یہ منصوبہ محض ایک عددی ہدف نہیں بلکہ پاکستان کے معاشی استحکام کی علامت ہے۔

ہم اس شعبہ کو ایکسپورٹ انڈسٹری میں تبدیل کر کے قومی معیشت کو مضبوط بنائیں گے۔اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ ، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھی شرکت کی ۔