ہر عورت کو چھاتی کے سرطان بارے آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولت یقینی بنانا ہو گی.سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خواتین کی صحت، عزت اور بااختیاری کو قومی ترقی کی بنیاد قراردیتےہوئے کہا ہےکہ ہر عورت تک چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولت یقینی بنانا ہو گی،پارلیمنٹ خواتین کی صحت کے فروغ اور مساوی علاج کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرا ت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی اور ذہنی صحت کے فروغ کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی خوشحالی کے لیے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ صحت مند ماں ہی صحت مند گھرانے کی ضمانت ہوتی ہے۔

قومی سطح پر اجتماعی اقدام کے بغیر چھاتی کے سرطان پر قابو پانا ممکن نہیں۔ چیئرمین سینیٹ نےا خواتین کی صحت، عزت اور بااختیاری کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیا ہے اور کہاکہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان کے بڑھتے کیسز پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج ہی اس مرض کے خلاف اصل ڈھال ہیں ۔ ہسپتال کے اقدامات سے ہزاروں خاندانوں میں امید اور شعور بیدار ہوا ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ “بریسٹ کینسر آگاہی مہینہ” صرف علامتی مہم نہیں، عملی اقدام کا وقت ہے۔ گلابی ربن سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ سماجی شرمندگی اور لاعلمی بیماری کی بروقت تشخیص میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے سرطان کے علاج کے ساتھ ذہنی صحت کی بحالی کو لازمی قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ “ذہن کو شفا دینا، جسم کو شفا دینے جتنا ہی ضروری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مریضوں اور اہلِ خانہ کے لیے نفسیاتی مشاورت اور سپورٹ گروپس کے قیام کی سفارش کی ہے اور کہا کہ ہر عورت کو ابتدائی جانچ، علاج اور نفسیاتی مدد تک مساوی رسائی ہونی چاہیے۔ خطاب میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے تحت نیشنل کینسر پیشنٹ رجسٹری کے قیام کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کینسر کے ڈیٹا بیس سے مؤثر پالیسی سازی ممکن ہوگی۔ پارلیمنٹ خواتین کی صحت کے فروغ اور مساوی علاج کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ خواتین کی صحت اور بااختیاری مضبوط معاشرے کی ضمانت ہے۔

اگر کوئی عورت علاج یا توجہ سے محروم رہ جائے تو یہ پورے معاشرے کی ناکامی ہے۔ ہمیں اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے اجتماعی طور پر قدم اٹھانا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ نے خواتین کے حوصلے، ہمت اور جدوجہد کو سلام پیش کیا اور کہاکہ ہر عورت تک آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولت یقینی بنانا ہو گی۔ چیئرمین سینٹ نے عالیہ اغا کو بریسٹ کینسر کی برینڈ سفیر قرار دیا۔انہوں نے معروف انٹرنیشنل اسپتال کی آگاہی مہمات اور خدمات کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ سیمینار میں معاشرے کے تمام طبقات کا چھاتی کے سرطان اور ذہنی صحت کے لیے مشترکہ جدوجہد کا عزم کیاگیا۔