پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق 25 مئی کو لانگ مارچ کیا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے خلاف سازش کا آغاز گزشتہ سال جون میں ہوا، ہم نے پوری کوشش کی ہمارے خلاف سازش کامیاب نہ ہو، لیکن ہم کامیاب نہیں ہو سکے، یہ سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف کی گئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک ہر اعتبار سے آگے بڑھ رہا تھا، 2018 ہمیں ملک دیوالیہ ملا، ان کا تجربہ صرف کرپشن، کیسز ختم کرنےاور انتقام کا ہے، ان کے پاس نہ منصوبہ ہے نہ فیصلہ کرنے کی ہمت، یہ چاہتےہیں تیل، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کرے، یہ چاہتےہیں فوج پر سارا بوجھ پڑے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ عسکری قیادت سے مشورہ کرکے روس گیا تھا، امریکا کو بتایا گیا عمران خان ذاتی طور پر روس گیا، اس حکومت کی جرات نہیں روس سے سستا تیل یا گندم لے، کرپٹ ترین چور، منشیات فروش کابینہ کا حصہ ہیں، وزیراعظم اور اس کے بیٹے وزیراعلیٰ کو سزا ہونی تھی۔