چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کو ساتھ ملاکر الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کررہی ہے، شہباز شریف بہت گھبرائے ہوئے ہیں ،چہرے پر خوف ہے ، اگر آپ سے حکومت نہیں ہوتی تو پھر سازش کیوں کی؟
اپر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل،امریکااور بھارت نے مل کر سازش کی اور ان کو ہم پر مسلط کیا، شہباز شریف کو اس لیےلےکر آئےکہ جو حکم آقا کریں گے یہ مانےگا، پہلا حکم آئی ایم ایف سے لیا اور ملک میں مہنگائی کی، اس حکومت نے پیٹرول کی قیمت 60 روپے بڑھا دی، جس کے دل میں ذرا سی انسانیت ہوگی وہ اتنی مہنگائی کبھی نہیں کرےگا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن کو ساتھ ملاکر الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کررہےہیں، 25کی رات کو جو ظلم کیاگیا،ایسا ظلم نہیں دیکھا، یہ پاکستان میں دہشت پھیلارہےہیں تاکہ لوگ گھروں سے نہ نکلیں،چاہتا ہوں کہ نوجوان قوم کے لیے کھڑے ہوں اور کبھی غلامی قبول نہ کریں، میرے والدین نے تحریک پاکستان میں شرکت کی تھی، تحریک انصاف کا منشور تحریک پاکستان اور قرارداد پاکستان سے لیا تھا،جس نظریے پر ملک بنا اس پر واپس نہیں جائیں گے تو عظیم قوم نہیں بن سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل شہباز شریف بہت گھبرائےہوئے ہیں ، شکل پر عجیب سا خوف ہے، شہباز شریف نےکہا کہ عمران خان کی وجہ سے سب کچھ ہوا تو عمران خان کو رہنے دیتے، شہباز شریف سے پوچھتا ہوں اگر آپ سے حکومت نہیں ہو رہی تو یہ سازش کی کیوں؟ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ مشکل حالات ہیں، تو سازش نہ کرتے،اب ادھر ادھر نہ بھاگیں ،ترکی نہ جائیں ،معیشت سنبھالیں، نیوٹرلزکا کام ملک کا دفاع کرناہے تو کیا ان کا یہ کام نہیں تھا کہ نیوٹرل رہنے کے بجائے اس مداخلت کو روکنےکی کوشش کرتے،جب تک دم ہے ان کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نےکہا کہ جب سے شہباز شریف آئے ہیں ملک تیزی سے نیچے جارہاہے،موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ منفی کردی ، انٹرنیشنل ادارے کہہ رہےہیں کہ پاکستان کی معیشت گر رہی ہے، آج ہماری معیشت وہاں جارہی ہے جہاں ملک کو خطرہ ہے، ہم حکومت میں آئے تو بجلی کے شعبے میں سب سے بڑا گردشی قرضہ تھا، ہم نے ملک کو مشکل سے نکالا۔