اسلام آباد:(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کےلئے تمغہ شجاعت کا اعلان کردیا ہے۔ سیالکوٹ میں ہجوم کی جانب سے سری لنکن شہری کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ اس دوران مشتعل ہجوم کے نرغے سے پریانتھا کو بچانےکی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو وزیراعظم عمران خان تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پوری قوم کی طرف سے ملک عدنان کی اخلاقی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، ملک عدنان نے سیالکوٹ میں پریانتھا دیاوادانہ کو ہجوم سے پناہ دینے اور بچانے کی بھرپور کوشش کی، اس نےاپنی جان کو خطرے میں ڈال کرمظلوم کو بچانے کی کوشش کی اور ہم ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازیں گے۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پر تشدد کی کئی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی جسے دیکھنے کے بعد یہ معلوم ہوتا کہ ہجوم میں سری لنکن شہری پر صرف تشدد کرنے والے ہی نہیں بلکہ چند لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے انہیں بچانے کی کوششیں کیں۔ سوشل میڈیا پر سری لنکن شہری پر ہونے والے تشدد کی ایک ایسی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پریانتھا کمارا کو فیکٹری کی چھت پر تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران کچھ افراد انہیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">