معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی رہنما کی جانب سے گستاخانہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی شان میں سرعام گستاخی انتہائی قابل مذمت ہے، ایسی حرکتیں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے ہر تھوڑے عرصے میں کہیں نا کہیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو یک زبان ہو کر ایسے گستاخانہ اقدامات کی عالمی سطح پر بھرپور مذمت اور آواز اٹھانی چاہیے۔
یاد رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے گستاخانہ گفتگو کی۔
بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے بھی بیان کی شدید مذمت کی ہے۔