سابق صدر و سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے حوالے سے 10 جون کو سوشل میڈیا پر غلط خبریں وائرل ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی۔سابق صدر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ وضاحتی بیان میں واضح کیا گیا کہ انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل نہیں کیا گیا، البتہ وہ علالت کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بیان میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف گزشتہ تین ہفتوں سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں لاحق بیماری ’امائلائیڈوسس‘ (Amyloidosis) کی وجہ سے پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔ساتھ ہی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ پرویز مشرف انتہائی علیل ہیں اور وہ بیماری کی خطرناک اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں۔ان کے اہل خانہ کی جانب سے پرویز مشرف کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی گئی۔