وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فیٹف کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد دی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الحمداللہ ،وائٹ لسٹ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،حکومتی اداروں،شخصیات ،متعلقہ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،سب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت حناربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں جبکہ فیٹف سے متعلق تشکیل کردہ بنیادی سیل، فوجی،سول قیادت اور ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جیت کیلئے کام کرنے والی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتاہوں،فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے، ان شاءاللہ ایسی مزید خوشخبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی اور اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کا کہنا ہے کہ پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں، پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔