چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جو امن، دفاع اور سلامتی سے متعلق تمام اہم امور پر ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
وہ بدھ کے روز راولپنڈی میں چیف آف دی ڈیفنس سٹاف اطالوی مسلح افواج ایڈمرل Giuseppe Cavo Dragone سے بات چیت کر رہے تھے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ دفاعی تعاون سمیت متعدد شعبوں میں موجودہ تعلقات کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کی بہت گنجائش ہے۔
ملاقات کے دوران چیف آف دی ڈیفنس اسٹاف اٹلی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور بشمول سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے خصوصاً دفاعی پیداوار کے شعبے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایڈمرل Giuseppe Cavo Dragone کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔