چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے ایک ویڈیو بنائی ہوئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو وہ ویڈیو سامنے آئِے گی۔
عمران خان نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو جو کچھ معلوم ہے وہ سب بولوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سب پتا ہے کس نے کیا کیا، میں اپنی قوم کے لیے چپ ہوں، چاہتا ہوں ملک کو نقصان نہ پہنچے اس لیے کوئی بات نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کس طرح یہ سازش ہوئی اور اس سازش میں کون کون ملوث ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے ایک ویڈیو بنائی ہے اور محفوظ جگہ پر رکھی ہوئی ہے، ویڈیو سے قوم کو پتا چلے گا کہ کن کن کرداروں نے کیا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک سے جو اتنی بڑی غداری کی گئی وہ کس کس نے کی، دیوار سے لگایا گیا تو سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا کہ کیا ہوا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ سے آوازیں آ رہی ہیں پنجاب کی انتظامیہ ان کو کامیاب کرانے میں ملوث ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ مریم نواز وہ ہیں جنہوں نےکہا میری لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں لیکن لندن میں چار بڑے بڑے اپارٹمنٹس مریم کے نام پر نکل آئے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو سزا ہونی چاہیے تھی، کیلبری فونٹ معاملے پر مریم کو سیدھا جیل جانا تھا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیب بھی آج گئی، اپنےکیسز، اپنے جج، ملزم اب قاضی بن جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پہلے انہوں نے چوری کی، این آر او ون مل گیا، مشرف نے معاف کیا، اب ان سب کا مقصد این آر او 2 لینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیں گرانے کی کوشش صرف اس لیے تھی کہ دوسری چوری پر این آر او مل جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج اس حکومت نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار بھٹو کی حکومت کو ختم کیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے کر جا رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خوش نہیں تھا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہو۔