کوئٹہ سے اغواء ہونیوالے کرنل لئیق بیگ مرزا کو دہشتگردوں نے شہید کردیا، آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے، بقیہ دہشت گرد ان کے مغوی کزن عمر جاوید کو لیکر فرار ہوگئے، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 جولائی کی رات، 10 سے 12 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے کزن عمر جاوید کو قائد کی رہائش گاہ زیارت سے کوئٹہ واپسی پر زیارت کے علاقے وارچوم کے قریب اغواء کیا۔
اطلاع ملنے پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورسز کو فوری طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پیچھا کرنے کے لئے روانہ کیا گیا جنہوں نے دہشت گردوں کا منگی ڈیم میں ان کے ٹھکانوں کی طرف جانے کا سراغ لگایا، سکیورٹی فورسز نے ایس ایس جی کے جوانوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا، 13 اور 14 جولائی کی رات 6 سے 8 دہشت گردوں کو سکیورٹی فورسز کی ٹیم نے قریبی پہاڑوں میں ایک نالے میں جاتے ہوئے دیکھا، جس پر ان کو محاصرے میں لینے کی کوشش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گھیرے جانے کا احساس ہونے پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو گولی مار کر شہید کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، تاہم اس دوران باقی دہشت گرد دیگر مغوی عمر جاوید کو ساتھ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کا یرغمالی کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کے لئے پرعزم، خراب موسمی حالات کے باوجود علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔