جموں و کشمیر کے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر عارف علوی نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں بہادر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ بہادر کشمیری عوام کے پاکستان میں الحاق کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ان کی تاریخی اور مسلسل جدوجہد میں ان کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑے ہوں گے۔
سات دہائیوں پر محیط کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان ہندوتوا بالادستی کی بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
عارف علوی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے۔